بنگلور 25/ڈسمبر (ایس او نیوز) کرناٹکا کے وزیر اعلی ایچ ڈی کماراسوامی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جسے لے کر وہ تنازعہ میں گھر گئے ہیں . اس ویڈیو میں وزیراعلی کمارسوامی فون پر کسی سے قتل کرکے فرار ہونے والے ملزموں کو بے رحمی سے مارنے کے لئے کہہ رہے ہیں ، حالانکہ بعد میں کمارسوامی نے اس پر صفائی بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ( بے رحمی سے ماردو)، میرا حکم نہیں تھا، بلکہ اس وقت میں زیادہ جذباتی بن گیا تھا۔
وائرل ہونے والے ویڈیو میں، کمارسوامی یہ کہہ رہے ہیں کہ، "وہ (جےڈی ایس رہنما پرکاش) بہت اچھا آدمی تھا. میں نہیں جانتا کہ اُن لوگوں نے اُسے کیوں مارا. شوٹ آوٹ میں اُنہیں (ملزموں کو ) بے رحمی سے مار دو، کوئی دقت نہیں ہے۔
اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد، الگ الگ طرح کے ردعمل کے درمیان وزیراعلی کمارسوامی نے فوری طور پر اپنی طرف سے صفائی بھی دی اور صاف کردیا کہ انہوں نے جذبات میں آکر ایسا کہا تھا اورانہوں نے کوئی حکم نہیں دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دو قتل کے لئے جیل میں بند وہ لوگ جب ضمانت پر باہر آئے تو انہوں نے جے ڈی ایس لیڈر پرکاش کا قتل کردیا، اس طرح سے وہ ضمانت کا غلط استعمال کررہے ہیں۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق جے ڈی ایس لیڈر پرکاش کو حملہ آوروں نے پیر کو اُس وقت گولی ماردی جب وہ کار سے مدّور جارہے تھے، بتایا جارہا ہے کہ حملہ آوروں نے اُن کی کار رکوا کر اُن پر گولیاں برسائیں، اس کے بعد قاتل فرار ہوگئے۔ زخمی حالت میں پرکاش کو اسپتال لے جایا گیا، جہاں اُن کی موت ہوگئی۔